لاہور( خبرنگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے عہدیدار سردار عمر فاروق خان کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔جس میں سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس مسترد کرنے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری کی سیاسی جماعت کے عہدیدار کی طرف سے وکیل میاں عاشق نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نواز نے بیرون ملک اثاثے قائم کیے اور گوشواروں میں ان اثاثوں ظاہر نہیں کیں۔ وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اختیارات سے تجاوز کیا اور ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانے کے بجائے اس مسترد کر دیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم کے ریفرنس مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے اور آئینی ذمہ داری ادا نہ کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی کو جرمانہ بھی کیا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصیر بھٹہ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں اعتراض اٹھایا۔ مزید کارروائی 27 اکتوبر کو ہوگی۔