بیجنگ (جنگ نیوز) برطانیہ کے اینڈی مرے کا عالمی نمبر ایک رینکنگ کی جانب سفر تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے چائنا اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں گریگور دمتروف کو زیر کرکے ٹرافی پر قبضہ کرلیا۔ عالمی نمبر دو اسٹار کے کیریئر کا یہ 40واں اور رواں سال پانچواں ٹائٹل ہے۔ انہوں نے ایونٹ شروع ہونے سے قبل دنیا میں نمبر ایک پلیئر بننے کی خواہش ظاہر کی۔ ان کی موجودہ فارم کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے میگا ایونٹ کے دوران کوئی سیٹ نہیں گنوایا۔ اتوار کو بیجنگ میں کھیلے گئے فائنل میں مرے نے بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر 20گریگور کو سخت مقابلے کے بعد 6-4 7-6 (7-2) سے شکست دی۔ پہلے سیٹ کے بعد لگتا تھا کہ دونوں پلیئرز میں کوئی مقابلہ ہی نہیں اور مرے آسانی سے جیت جائیں گے لیکن دوسرے سیٹ میں گریگور نے بھرپور مزاحمت کی اور سیٹ کو ٹائی بریکر پر لے گئے۔ البتہ یہاں مرے کا تجربہ کام آیا اور انہوں نے اگلے سات میں چھ پوائنٹس حاصل کرکے ٹائٹل نام کرلیا۔ خیال رہے کہ اینڈی مرے رواں برس ومبلڈن اور اولمپکس اعزازات حاصل کرچکے ہیں، انہیں البتہ فرنچ اوپن کے فائنل میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دوسری جانب پیرس میں فتح کے بعد سرب اسٹار جوکووچ کی فارم خراب ہونا شروع ہوئی جبکہ انجریز نے بھی ان کی کارکردگی پر منفی اثر ڈالا۔ انہیں ومبلڈن اوپن اور اولمپکس کے ابتدائی رائونڈز میں مات ہوئی جبکہ یوایس اوپن کے فائنل میں وہ سوئٹزرلینڈ کے اسٹین سلاس واورنکا سے ہار گئے تھے۔ دریں اثنا رافیل نڈال اور پابلو بسٹا نے مینز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا۔ نہوں نے امریکا کے جیک سوک اور آسٹریلیا کے ٹامک برنرڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-7، 6-2 اور 10-8 سے ہرا یا۔