سکھر (بیورو رپورٹ) جئے سندھ محاذ کی جانب سے کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریوں ، مذہبی انتہاپسندی ، سیاسی، مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیوں جلوسوں کے دوران روڈ ، رستے بند کئے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ جس کی قیادت پارٹی چیئرمین ریاض چانڈیو نے کی۔ علامتی بھوک ہڑتال میں نسیم شاہانی، عابد حسین، اسد اللہ سومرو، عمران منگی ، وقار سومرو، عبیداللہ سندھی ودیگر نے کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو نے کہا کہ حکمرانوں نے سندھ میں جمہوریت ،قانون اور انصاف کے سب راستے بند کر کے لاقانونیت کا راج لاگو کیا ہوا ہے۔کراچی میں حکمران جماعت کی ریلی کے باعث تین دن تک ہلچل مچائی گئی۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر سیاسی، مذہبی جماعتوں کو سرگرمیوں کی اجازت ہے اور ان کے لئے روڈ راستے ، اسٹیج سجائے جاتے ہیں جبکہ پر امن جدوجہد کرنے والے قوم پرستوں کو سیاسی سرگرمیوں سے روکا جاتا ہے ان پر مقدمے درج کئے جارہے ہیں۔ سندھ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ دہشتگردی ، مذہبی انتہاپسندی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ وڈیروں کی جمہوریت زندہ باد ہے۔ ہم اپنی پارٹی کے شہداء کی برسی کا دن منائیں تو ہم پر مقدمات درج کئے جاتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کارکنان پر درج مقدمات ختم کئے جائیں ۔