• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کیخلاف تحریک سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے‘ شیخ رشید

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے لال حویلی میں سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ کرپٹ حکمران قومی مجرم ہیں‘ ہر حال میں سزا ملنی چاہئے، پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کا عمل نہ ہونا تشویش ناک ہے، اپنے حقوق کے حصول کیلئے قوم کو مفاد پرستوں کے شکنجے سے نکلنا ہو گا، حکومت غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی آواز کو دبا نہیں سکتی، کرپشن کیخلاف تحریک سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے، دونوں رہنماؤں نے ملکی سلامتی، استحکام اور کرپشن کیخلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ محمد شاہد غوری نے کہا کہ محب وطن قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، عمران خان سولو فلائٹ کی بجائے ہم خیال جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں، شیخ رشید اپوزیشن کو متحد کرنے کیلئے پل کا کردار ادا کریں، کرپشن کی روک تھام اور قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لانے کیلئے پاک فوج کو اختیارات دیئے جائیں۔ وزیر داخلہ کی کالعدم تنظیموں سے ملاقات نیشنل ایکشن پلان کے منافی ہے، کالعدم تنظیموں کے سربراہوں کے شناختی کارڈ بحال کرنا قابل مذمت ہے، دہشت گردوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینگے۔ ملاقات میں شیخ راشد شفیق، محمد شاداب رضا نقشبندی، زاہد حبیب قادری، صاحبزادہ عطاء الرحمٰن دھنیال، مفتی لیاقت علی رضوی، علامہ وسیم عباسی اور دیگر بھی موجودتھے۔  
تازہ ترین