• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر بند کرنے سے تعمیر و ترقی کا عمل رک جائے گا،ملک رفیق رجوانہ

لاہور(نمائندہ خصو صی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ شہر بند کرنے سے تعمیر و ترقی کا عمل رک جاتا ہے ۔شہر کھلے رہیں گے تو تعمیر وترقی کے ثمرات سے شہریوں کو بہرہ مند کیا جا سکے گا۔ معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں تو قوم یہ پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ دھرنے دینے اور شہر بند کرنے کا کیا جواز ہے۔یہ بات انہوں نےسرکٹ ہائوس بہاول پور میں اراکین اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندگان اور مسلم لیگی کارکنان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرصوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، ایم این اے جاوید علی شاہ، مخدوم سید علی حسن گیلانی و دیگر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قوم یہ پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ اگر شہر بند ہونے سے ترقی ہوتی ہے تو پھر پورے ملک کے شہروں کو بند کر دینا چاہئے مگر ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ اگر شہر کھلے رہیں گے تو ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت کو 5سال کے لئے منتخب کیا ہے اور اس غیر یقینی صورتحال کے باعث تعمیر وترقی کا عمل متاثر ہو گا اور یہ عوام کا حق ہے کہ وہ اگلے انتخابات میں جسے چاہیں منتخب کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ سوال توجہ طلب ہے کہ ملک کی تاریخ میں کسی نے بھوک ،افلاس اور غربت کے خاتمے کے لئے دھرنا کیوں نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سوال بھی پوچھا جا سکتا ہے کہ اس ایشو پر دھرنا کیوں نہیں دیا گیا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے نئی صنعتیں لگائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی صحت اور تعلیم کی جدید سہولیات کی فراہمی اور روزگار مہیا کرنے کے لئے دھرنا دے تو اسے پوری قوم سراہے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو قومی ایجنڈے پر ترجیح نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کی قیادت میں آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں تمام سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے امن ومان کی صورتحال انتہائی حد تک قابل اطمینان بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں سی پیک جیسا انقلابی منصوبہ جو پوری قوم اور خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ہمارے باہمی اتفاق اور مثالی امن وامان کا متقاضی ہے۔ تقریب سے صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، اراکین اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی، بیگم پروین مسعود بھٹی، فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ ناز،تابش الوری،بلال بلوچ،محمد اکمل بھٹی،ملک طارق، ساجد کھوکھراورچوہدری ذیشان نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سرکٹ ہائوس بہاول پور میں بہاول پور چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ بہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے اراضی کی فراہمی کے لئے ٹھوس اور موثر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے اور اس پبلک ویلفیئر پراجیکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
تازہ ترین