• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا دھرنا منسوخ ہونے کے باوجود راستے نہ کھل سکے چوہدری نثار نے تاخیر کا نوٹس لے لیا

راولپنڈی،اسلام آباد(نمائندگان جنگ)  پی ٹی آئی کے احتجاج منسوخ کرنے کے اعلان کے باوجودمنگل کو رات گئے تک پشاورسے اسلام آباد آنیوالے راستے نہ کھل سکے۔ منگل کو رات گئے تک موٹروے ایم ون پشاورسے راولپنڈی کیلئے بندتھی اوربرہان کے قریب پنجاب پولیس کی نفری الرٹ تھی جہاں کنٹینرزلگا کر موٹر وے کو بند کیا گیا ہے۔ ادھرترنول سے لاہورجانے والی گاڑیوں کیلئے ایک لین کھول دی گئی اورلاہور،اسلام آبادموٹروے پرگاڑیوں کی آمدو رفت شروع ہوگئی جبکہ لاہورسے اسلام آباد تک تمام انٹرچینجز بھی کھول دئیے گئے۔ ادھرپشاور،راولپنڈی جی ٹی روڈپرچھ مقامات اٹک پل ،اقبال شہید ٹول پلازہ ،ہروٹول پلازہ ،ہروپل ،واہ گارڈن کے سامنے اورمارگلہ کے مقام پرتاحال کنٹینرزلگے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے موٹر وے کھلنے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو موٹر وے فوری طور پر کھولنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں اضافہ نہ کریں۔ ضرورت پڑنے پر ہیوی مشینری استعمال کرکے موٹر وے پر آمدو رفت یقینی بنائی جائے۔
تازہ ترین