• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون ایم۔این۔اے پھر رو پڑی!!.....آخر کیوں؟…رؤف کلاسرا

جب میں نے اپنے پچھلے ایک کالم میں گاؤں کے چوہدری کے نام خط لکھا تھا تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ چوہدری صاحب کے بجائے مجھے لندن سے پی ایچ ڈی کرنے والے ایک باپ تنویر عباس کا مراسلہ آئے گا۔ اس خط کو پڑھ کر میرا یہ ایمان مضبوط ہوا ہے کہ آپ کی تحریر سے اگر ایک شخص بھی اپنے آپ کو بدلنے پر تیار ہو جاتا ہے تو اس سے زیادہ ایک رائٹر اور کیا تبدیلی لا سکتا ہے۔ تنویر عباس جیسا ایک باپ یہ سمجھتا ہے کہ میرے ایک کالم سے اس کی سوچ میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے اور اسی سوچ کے زیر اثر انہوں نے مجھ سے ایک وعدہ بھی کیا ہے۔ تنویر عباس لکھتے ہیں ”اس دفعہ میں یہ ای میل آپ کو یہ مطالبہ کرنے کیلئے نہیں بھیج رہا کہ آپ بیرون ملک آئے ہوئے پاکستانی طالبعلموں کو معمولی سے دیئے جانے والے سرکاری وظیفے میں اضافے کیلئے کوئی آواز اٹھائیں جیسے کہ میں نے آپ کو پہلے ایک دفعہ ای میل کر کے یہ درخواست کی تھی۔ مجھے علم ہے آپ کے نزدیک یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے لہذا آپ نے اس پر لکھنا مناسب نہیں سمجھا۔ تاہم آج میں نے آپ کا 12 ستمبر کا کالم پڑھا ہے جس میں آپ نے گاؤں کے چوہدری کے نام اس کی بیٹی کا خط چھاپا ہے۔ مجھے ایک اعتراف کرنے دیں کہ جب میری چھ سالہ بیٹی نے مجھے یہ کہا کہ میں بڑے ہو کر ایک خلاباز بنوں گی تو میں شدید ہچکچاہٹ کا شکار تھا۔ میں پزل تھا کیونکہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ میں اپنی بیٹی کے اس مطالبے کو کس طرح مسترد کروں۔ تاہم آپ کا کالم پڑھنے کے بعد میں نے اب یہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر میری بیٹی خلاباز بننے کیلئے متعلقہ تعلیم، کوالیفیکیشن اور معیار پر پوری اتری تو میں اس کے راستے کی دیوار نہیں بنوں گا۔ اس نے جو اپنی آنے والی زندگی کیلئے جو خواب دیکھے ہوئے ہیں انہیں خراب کرنے کی کوشش نہیں کروں گا۔ یہ ایک باپ کا آپ سے وعدہ ہے۔ آپ کو مبارک ہو کہ آپ نے کم از کم ایک شخص کی سوچ تو بدلی ہے اور اس کا سارا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔“
میں ابھی تنویر عباس کے اس محبت بھرے مراسلے میں چھپی ایک باپ کی اپنی بیٹی کیلئے محبت کو سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے پاکستان مسلم لیگ نواز کی ایم۔این۔اے شہناز سلیم ملک کا خط ملا۔ قومی اسمبلی میں بیٹھے مردوں کو تو چھوڑیں جس طریقے سے خواتین ایم۔این۔ایز نے بلوچستان میں ماری جانے والی خواتین کے معاملے پر بے حسی کا ثبوت دیا اس پر مجھے شدید افسوس بھی تھا کیونکہ ان بیگمات کو یہ کہہ کر پارلیمنٹ میں بھیجا گیا تھا کہ وہ ان جیسی مظلوم خواتین کے حقوق کیلئے لڑیں گی۔ تاہم اب شہناز ملک کے خط سے پتہ چلتا ہے کہ اور تو چھوڑیں قومی اسمبلی کی خاتون اسپیکر فہمیدہ مرزا نے بھی اس مسئلے کو اٹھانے کی اجازت نہیں دی کہ شاید ان کے نزدیک ان معصوموں کا قتل کوئی اتنی بڑی خبر نہیں تھی جس پر وہ پورے ایوان میں بحث کرواتیں۔ آپ ذرا خط پڑھیں اور اندازہ کریں کہ کیسے لوگوں کو ہم نے اپنا نمائندہ بنا کر اپنی قسمت کے فیصلے کرنے کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس بھیجا ہے۔
”میرے بھائی! السلام علیکم۔ میں نے 6 ستمبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر بلوچستان کے واقعہ پر بات کرنے کی کوشش کی تھی مگر مجھے یہ کہا گیا کہ یہ الیکشن کمیشن کا سمن کیا ہوا اجلاس ہے لہذا ان خواتین کو زندہ درگور کیے جانے کے خلاف بات نہیں ہو سکتی۔ میں اتنی جذباتی ہوگئی ہوں کہ چند لفظ لکھ کو بھیج رہی ہوں اگر ممکن ہو تو انہیں اپنے کالم میں جگہ دیدیں کہ شاید کچھ لوگوں کا ضمیر انہیں ملامت کرے۔
رؤف صاحب! میں پہلی دفعہ اس وقت روئی جب میں نے آپ کا کالم پڑھا کہ میرے پاک وطن میرے دیس کے ایک گوشے میں جوان بچیوں کو زندہ درگور کر دیا گیا۔ دوسری دفعہ اس وقت روئی جب مجھے قومی اسمبلی میں اس مسئلے پر خاتون اسپیکر فہمیدہ مرزا نے بات کرنے کی اجازت نہیں دی۔ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے ایک قصبہ میں جولائی کے دوسرے ہفتے میں ہونے والا یہ واقعہ ایک مہینے تک تاریک راہوں میں گم رہا۔ قاتلوں کے دل و ضمیر تو بے حس تھے ہی مگر کیا وہاں کے لوگ بھی پتھر کے تھے کیا وہ علاقہ پاکستان کا حصہ نہیں۔ میں سوچتی رہی اگر وہاں کے باسی انسان ہیں اور یقینا ان میں کچھ مرنے والیوں کے ساتھ خون کے رشتوں میں پروئے ہوئے بھی ہوں گے تو پھرکوئی آہ کوئی درد بھری فریاد سنگلاخ چٹانوں اور ریتیلے ٹیلوں کا سینہ چیر کر کیوں نہ ابھری۔ اگر وہ لوگ مسلمان بھی ہیں تو پھر اسلام کا یہ درس کیوں یاد نہ رہا جب محسن انسانیت میرے حضور نے اس مکروہ رسم کو ختم کر دیا تھا جب عرب کے لوگ اپنی بچیوں کو زندہ درگور کر دیا کرتے تھے۔ اگر وہ علاقہ پاکستان کا حصہ ہے تو پھر وہاں قانون کے محافظ بھی ہوں گے ۔کوئی ڈی سی او کوئی ایس ایچ او بھی ہوگا۔ یہ لوگ کہاں تھے؟ اگر وہاں تھے تو چپ کیوں رہے۔ اگر طاقتور ہاتھوں کے سامنے ان کی زبانیں اور قلم سرنگوں رہے تو پھر قانون کی برتری کا وہ دعویٰ کہاں گیا جو غریب و بے بس کیلئے اللہ کی عدالت انصاف کے نیچے ایک سہارا ہوتا ہے۔ اگر رواج و روایات کے نام پر زندگیوں کے فیصلے کرنے کا اختیار صرف طاقتور کو حاصل ہے توپھر آئین و قانون کی بحالی کی جدوجہد کس لیے! مجھے وہ سب لوگ مارنے والے دیکھنے والے، سننے والے اور روکنے کی طاقت رکھنے والے سب کے سب مجرم لگے۔ کوئی دین کا کوئی انسانیت کا کوئی قانون کا۔
12 سو کلومیٹر دور اسلام آباد میں ایک صحافی کے قلم نے خون خاک نشیناں کی اس گمشدہ لکیر کو روشن کر دیا تو پاکستان کے ہر امن پسند شہری کی طرح میں بھی خوش تھی کہ اب قاتل نہ بچ پائیں گے۔ اب دست انصاف کی گرفت بہت سے مغرور سروں کو جھکا دے گی۔
مگر 6 ستمبر کی صبح کو میں دوبارہ رو پڑی جب میں نے ان چہروں کو ہمیشہ کی طرح شاداں اور مطمئن دیکھا جن کا اس واقعے سے تعلق اُجاگر کیا گیاتھا۔ جیسے انہیں معلوم ہو کہ قانون کے ہاتھ ان کے گریبانوں سے دور ہی رہیں گے۔ میری آنکھیں کسی چہرے پر ندامت کا ہلکا سا شائبہ کسی چہرے پر خوف کا ہلکا سا احساس تلاش کرتی رہیں مگر کچھ بھی نہ تھا۔ اگر یہ واقعہ کسی اور ملک میں ہوا ہوتا تو نہ ہی مجرم آزاد ہوتے اور نہ ہی حکومت قائم رہتی۔ ہم مسلمانوں کی اس سب سے بڑی مملکت کے شہری ہیں۔ اسلام کی اعلیٰ تعلیم کے اصولوں کے دعویدار! پھر ہم جہالت کے اس دور میں کیوں لوٹے ہیں جہاں روایات و غیرت کے نام پر بے گناہ بچیوں کو زندہ درگور کر دیا جاتا تھا۔ وہ درس جو اسلام نے ہمیں دیا کہاں گیا ! یہ سوال صرف میرا ہی نہیں ان ابتر لاشوں کی بند و بے خبر آنکھوں میں ضرور کہیں موجود ہوگا۔ ارباب اختیار سے بھی، فقیانِ دین سے بھی۔ ممبران اسمبلی سے بھی اور پوری سول سوسائٹی سے بھی! ہے کوئی جو اس سوال کا جواب دے سکے!“
میٹھی سرائیکی دھرتی کے شہر ڈیرہ غازی خان سے آنے والی اس نرم دل خاتون ایم۔این۔اے کا خط ختم ہو گیا ہے ۔ میں وہ دو صفحات ہاتھ میں لیے بیٹھا یہ سوچ رہا ہوں کہ صحافی خواہ مخواہ ان لوگوں کے پیچھے پڑ گئے تھے جنہوں نے صرف اتنا کہا تھا کہ عورتوں کو عزت کے نام پر قتل کرنا قبائلی روایات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کم از کم اپنی روایات سے دھوکا تو نہیں کیا۔ ان پڑھے لکھوں کے بارے میں کیا خیال ہے جو لاہور، کراچی، ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ جیسے دیگر نسبتاً ترقی یافتہ اضلاع سے ایم۔این۔ایز بن کر قومی اسمبلی میں بییٹھے ہیں ۔ ان ایم این ایز نے شہناز سلیم کو ان زندہ درگور کی جانے والی عورتوں کے مسئلے پر بولنے کی اجازت نہ دیکر ایک بات تو ثابت کی ہے کہ انہوں نے اس بات کا احترام کیا ہے کہ کوئی شخص ان کی قبائلی روایات کو تنقید کا نشانہ نہ بنائے۔ ان پانچ زندہ درگور ہونے والی عورتوں کا کیا ہے۔ وہ زندہ رہ بھی جاتیں تو کونسا پہلے کوئی انسانوں والی زندگی گزار رہی تھیں۔ لیکن اگر قومی اسمبلی میں اس موضوع پر شہناز سلیم بات کر لیتیں تو شاید پاکستان کی فیڈریشن خطرے میں پڑ جاتی۔
قومی اسمبلی کے 342 بے حس ارکان اور فہمیدہ مرزا نے پانچ مظلوم عورتوں کے قتل پر شہناز سلیم کو بولنے کی اجازت نہ دے کر کم از کم فیڈریشن تو بچا لی جس پر ان سب سیاستدانوں پر داد و تحسین کے جتنے ڈونگرے برسائے جائیں کم ہیں۔ چیئرز! لیڈیز اینڈ جنٹلمین !!


تازہ ترین