لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سسٹم ڈی ریل کرنا نہیں چاہتی، مسائل اداروں میں حل کریں، قوم سسٹم میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیگی،پانامہ دستاویزات کے حوالہ سے سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے اور امید ہے کہ سب جماعتیں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اعتماد کریں گی اور ایک آئینی اور جمہوری راستہ سے اس مسئلہ کا حل کر لیں گے ،مسائل سڑکوں کی بجائے متعلقہ اداروں میں حل کئے جانے چاہئیں ۔ قوم کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی لہذا جو بھی محاذ آرائی اور انتشار کی سیاست کرے گا ،وہ اپنا نقصان کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کے اداروں پر اعتماد ہونا چاہیے ۔ کوئی فرد واحد چاہے اعتزاز احسن یا کوئی اور ہے وہ کسی بھی ادارے سے بڑا نہیں ہو سکتا جب حکومت اور اپوزیشن اور حکومت اور پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔