• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی نساسک کی ناقص کارکردگی کیخلاف احتجاجی ریلی

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کی جانب سے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، مفلوج نکاسی نظام، انتہائی مضر صحت پانی کی فراہمی، نساسک کی ناقص کارکردگی کے خلاف تیسرے مرحلے میں غریب آباد سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں شہریوں اور تاجروں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینراور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر محکمہ نساسک کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین محکمے کی ناقص کارکردگی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ریلی میں عبدالستار راجپوت، غلام مصطفی پھلپوٹو، دوا خان، ڈاکٹر انیس الرحمن، ڈاکٹر سعید اعوان، شاہ محمد انڈھڑ، رضوان قادری،شریف ڈاڈا، شکیل قریشی، ظہیر بھٹی،سید عمران شاہ،منیر میمن، حبیب ناصر، صداقت خان، محمد منیر، عتیق اللہ، راشد،کیلاش سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نساسک انتظامیہ نے شہر بھر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے،متعدد مرتبہ ملاقاتوں اور احتجاجوں کے باوجود نساسک انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، شہر میں لگے گند کچرے کے ڈھیروں ، مفلوج نکاسی نظام ، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث تاجروں اور شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ تجارتی مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں کھلے مین ہولوں کی وجہ سے حادثات کا روز کا معمول بن چکے ہیں۔ نساسک افسران شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے بجائے حکام کو لمبی چوڑی بریفنگ کے ذریعے آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ،شہر میں اربوں روپے خرچ ہونے کے باجود مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شہر کی ہر یوسیز میں 20سے زائد صفائی کا عملہ تعینات ہے جوکہ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے بجائے گھروں پر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہا ہے جس کے باعث شہر کی صورتحال ہر آنے والے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے منتخب نمائندوں کے بعد اب میئر اور ڈپٹی میئر نے بھی شہری مسائل سے چشم پوشی اختیار کر لی ہے، بلدیاتی نظام وجود میں آنے اور میئر ، ڈپٹی میئر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے باوجود شہر کی صورتحال نہیں بدلی جس کے باعث تاجروں اور شہریوں میں شدید مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔
تازہ ترین