• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان،اسکول میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشق سے والدین پریشان ہو گئے

ملتان(جنگ نیوز)  بوسن روڈ پر  سکول میں دہشت گرد حملے کی صورت میں پولیس کی مشقوں سے والدین پریشان ہو گئے اور کئی مائیں روتی ہوئی ا سکول پہنچ گئیں۔ملتان میں بوسن روڈ پر واقع اسکول میں پولیس اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشق کی جا رہی تھی کہ موقع پر موجود لوگ پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو دیکھ کر پریشان ہو گئے اور بچوں کے والدین کو فون کر کے  سکول میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع دے دی جس پر کئی والدین اپنے بچوں کے لئے پریشان ہو گئے اور کئی مائیں روتی ہوئی اسکول پہنچ گئیں۔اسکول پہنچنے پر سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے انہیں سمجھانے کی کوشش کی گئی کہ اسکول میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ مشقیں ہو رہی ہیں لیکن مائیں جب تک اپنے بچوں سے نہیں ملیں انہیں چین اور قرار نہیں ملا۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ کو پہلے سے مشقوں سے متعلق آگاہ کر دیا گیا تھا اور ان مشقوں کا مقصد دہشت گردی کی صورت حال میں پولیس کی کارکردگی کو جانچنا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران جوانوں کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے اس طرح کی صورت حال خود سے پیدا کی جاتی ہے۔
تازہ ترین