لاہور (سپیشل رپورٹر،مانیٹر نگ سیل، آن لائن ،صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر بدرکی نمازہ جنازہ کے دوران متعدد افراد کی جیبیں کٹ گئیں جن میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ بھی شامل تھے جو 15ہزار روپے اور پرس سے محروم ہو گئے ۔ جنازےکے موقع پر لا کالج گرائونڈ نیوکیمپس میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے، شرکا کی میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ کے ذریعے تلاشی لی گئی۔سکیورٹی کی وجہ سے شرکا کی گیٹ پر لمبی لائنیں لگی رہیں جس سے کئی افراد جنازہ میں شریک نہ ہو سکے ۔ جنازہ کے موقع پر نوجوان وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر شخصیات کے ساتھ سلفی بناتے رہے ۔ خورشید شاہ کاکہنا ہے کہ ان کی جیب نماز جنازہ کے دوران کٹی ،جیب میں 15 سے 20 ہزار نقدی، شناختی کارڈ ،قومی اسمبلی کا کارڈ اور دیگر کاغذات تھے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کی نہ صرف جیبیں کٹ گئیں بلکہ وہ اپنے اپنے موبائل فون سے بھی محروم ہو گئے۔خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وہ قریبی تھانے میں رپورٹ درج کرائیں گے۔