• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ ،تشدد سے معذور طالبعلم میڈیکل ٹیسٹ میں نارمل قرار دیا گیا، والدین

لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) کیڈٹ کالج لاڑکانہ کی انتظامیہ کی جانب سے تشدد  کے  شکار طالب علم محمد احمد حسین کو مرگی  کے مرض میں مبتلا  ہونے کی رپورٹ کو طالبعلم کے والدین اور لواحقین نےسختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے تشدد میں ملوث اہلکار کو بچانے کی بھونڈی کوشش قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد میں معذورہو جانے والے طالبعلم کو داخلے کے وقت نہ صرف کالج کے متعینہ میڈیکل ٹیسٹ میں نارمل قرار دیا گیا بلکہ گذشتہ ایک سال کے دوران کالج انتظامیہ کی جانب سے کبھی بھی اسے کسی مرض میں مبتلا ہونے کی اطلاع والدین کونہیں  دی گئی۔ کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے ماہانہ نیوز لیٹر لاڑکانینس لیٹر کے کئی شماروں میں محمد احمد حسین کو صفائی،پڑھائی،اور محنت میں اول اور دوم پوزیشنیں دینے کا اعلان کرکے کیڈٹ کالج نے خود اس کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جس کے شمارے محفوظ ہیں۔ اس قسم کی رپورٹ دینے کا مقصد کالج کے تشدد میں ملوث اہلکارکو بچانے کی کوشش ہے۔ والدین اور طالبعلم کے چچا محمد الیاس نےالزام عائد کیا کہ یہ واقعہ دس اگست کو پیش آیا لیکن کیڈٹ کالج انتظامیہ نے سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس واقعہ پر اس وقت تک پردہ ڈالے رکھا جب تک ہم نے خود میڈیا سہارا نہ لیا۔ اب جب جنگ اور جیو نیوز نے اس واقعے کو آشکار کیا تو کیڈٹ کالج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا رہے ہیں اور حکومتی سطح پر بھی اس کا نوٹس لیا گیا ہے۔ہم نے اپنے لخت جگر کو اچھے مستقبل کے لئے پڑھانے بھیجا تھا مرنے کے لئے نہیں بھیجا تھا۔
تازہ ترین