لندن (پ ر) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے صدر سعید بھٹی اور سیکرٹری اطلاعات سیّد شان عباس عابدی نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے عوام نجات کیلئے پرویز مشرف کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ پرویز مشرف نے اپنے سات نکاتی انقلابی ایجنڈے کی بنیاد پر پاکستان کی کایا پلٹ دی تھی۔ کراچی سے خیبر تک لوگ خوش اور خوشحال تھے، مزدوروں کو باعزت روزگار اور بروقت معاوضہ ملتا تھا۔ پرویز مشرف نے بحیثیت صدرمملکت بلندبانگ دعوئوں میں وقت برباد نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے توانا ارادوں سے اداروں کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے اعزازمیں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سعید بھٹی اور سیّد شان عباس عابدی نے مزید کہا کہ پرویز مشرف نے معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے شہر قائد کو امن وآشتی کا گہوارہ بنایا مگر بدقسمتی سے ہمارے قائد کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد کراچی میں پھر سے بدامنی کی آگ بھڑک اٹھی مگر کوئی حکمران اس آگ کو بجھانے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عادی لٹیروں کا احتساب کرسکتا ہے تو وہ ہمارے قائد پرویز مشرف ہیں۔ پاناما پیپرز میں حکمران خاندان کی کرپشن منظر عام پرآنے کے باوجود ابھی تک میاں نواز شریف وزرات عظمیٰ کے منصب سے چمٹ کر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے مستعفی ہونے تک بے رحم اور شفاف احتساب نہیں ہوسکتا۔ حکمران خاندان انصاف کی راہ میں حائل ہے۔