کراچی ( نیوز ڈیسک) جرمنی کی خاتون اسٹار اینجلک کربر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن مسلسل مستحکم کرتی جارہی ہیں۔ انہوں نے رواں برس کا آغاز گرینڈ سلم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن جیت کر کیا اور فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے سرینا ولیمز کی ٹاپ پوزیشن پر حکمرانی کا خاتمہ کرکے اسے اپنے نام کرلیا۔ اب وہ سال کا اختتام اسی اعزاز کے ساتھ کریں گی۔ كربر 12ستبر کو سال کا آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن جیتنے کے بعد سرینا ولیمز کو معزول کر پہلی بار نمبر ایک پلیئر بن تھیں۔ وہ رواں سیزن میں ریو ڈی جینرو اولمپکس میں بھی چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ اس وقت ان کے حاصل کردہ پوائنٹس 9080 ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر موجود سرینا ولیمز 7050 پوائنٹس کے ساتھ ان سے کہیں پیچھے ہیں۔ خیال رہے کہ كربر عالمی درجہ بندی میں سب سے اوپر پہنچنے والی دوسری جرمن خاتون کھلاڑی ہیں۔ ان سے پہلے ٹینس کی تاریخ کی عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل اسٹیفی گراف 1987 سے 1996 کے درمیان ورلڈ نمبر ون رہ چکی ہیں۔