راولپنڈی کے علاقے روات میں ایک اور جعلی دوا ساز فیکٹری پکڑی گئی، فیکٹری سے بھاری مقدار میں غیر معیاری ادویات برآمد کر کے سیل کر دیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے حکم پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ انتظامیہ راولپنڈی نے شہر میں جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رکھا ہے ۔
دو روز کے دوران اڈیالہ روات اور سید پور روڈ کے علاقوں میں قائم جعلی ادویات تیار کرنے والی چار فیکٹریوں پر چھاپے مار کر 11افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔
ای ڈی ہیلتھ ارشد علی صابر کے مطابق کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے شہریوں کی نشاندہی پر بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔
ای ڈی ہیلتھ کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ ہیلتھ میں موجود کالی بھیڑوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا اور مبینہ طور پر جعلی ادویات کی فروخت کی سرپرستی میں ملوث افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔