سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر سٹی بائی پاس پر انتظامیہ کا ٹرانسپورٹرز کے خلاف آپریشن، ٹرانسپورٹرز کے اسٹاپ ختم کردیئے گئے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، انتظامیہ کی اس ذیادتی کے خلاف مسافروں اور پبلک ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے سٹی بائی پاس پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پورا شہر تجاوزات کی لپیٹ میں ہے، جگہ جگہ لوگوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، انتظامیہ اور پولیس نے مکمل طور پر چشم پوشی اختیار کررکھی ہے لیکن بلا جواز سٹی بائی پاس پر ٹرانسپورٹرز کے اسٹاپ ختم کر کے مسافروں کو مشکلات سے دوچار کیا جارہا ہے، سٹی بائی پاس سے روزانہ ہزاروں مسافر دور دراز علاقوں کو سفر کرتے ہیں اور یہاں اسٹاپ ختم کئے جانے سے مسافروں کو شہر سے باہر بس ٹرمینل پہنچنے کے لئے مزید اخراجات برداشت کر نا پڑیں گے، جس سے غریب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے مسافر مشکلات سے دوچار ہوں گے، مہنگائی اور بے روزگاری نے پہلے ہی لوگوں کی کمر توڑ رکھی ہے دوسرا انتظامیہ کے اس طرح کے اقدام سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، مظاہرین نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر انتظامیہ کی زیادتی کا نوٹس لیا جائے اور سٹی بائی پاس پر اسٹاپ بحال کیاجائے۔