گوجرانوالہ( نمائندہ جنگ)پی ایم اے گوجرانوالہ کے زیر اہتمام نویں بائینل میڈیکل کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا کانفرنس کا افتتاح سابق پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چوہدری نے کیا صدر پی ایم اے ڈاکٹر لیاقت ضیاء، چیئرمین ریسیپشن کمیٹی ایم ایس ڈاکٹر انور امان، ڈاکٹر سجاد محمود دھاریوال، ڈاکٹر ابرار کلیم، ڈاکٹر میاں زاہد محمود اور ڈاکٹر گلزار احمد چوہدری نے مہمانوں کا استقبال کیا سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چوہدری نے کانفرنس کے پہلے روز طبی اخلاقیات کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو بڑھتی ہوئی آبادی میں مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز خدمت خلق کے جذبے کے تحت مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کریں مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کیا جائے اوقات کار پر عمل کیا جائے مریضوں پر بھرپور توجہ دی جائے اور حسن اخلاق کا مظاہرہ کیا جائے کیونکہ مریضوں کو ڈاکٹرز کی خصوصی توجہ بہتر راہنمائی اور ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز کو چاہئے کہ وہ مریضوں کی بہتر راہنمائی کریں کانفرنس آج بھی جاری رہے گی۔