کراچی(اسٹاف رپورٹر) 62ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچوں میں پاکستان واپڈا نے پاکستان اسٹیل اور پاکستان نیوی نے پولیس کو شکست دے دی۔ پاکستان ریلوے اور ہائیر ایجوکیشن کا میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔ ہاکی کلب میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان واپڈ نے یک طرفہ میچ میں پاکستان اسٹیل کے چھکے چھڑا دیے۔ میچ کے دوران مجموعی طور پر ہونے والے سات میں سے چھ فیلڈ گول ہوئے۔ واپڈا نے 6-1کے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم نے تین پنالٹی کارنر میں سے ایک پر فائدہ اٹھایا، جس علیم بلال نے گول اسکور کیا، واپڈا کی جانب سےعمر بھٹہ، رانا عمیر، فرید احمد نے ایک ایک مزید گول اسکور کیا۔ محمد عثمان نے دو گول بنائے، پاکستان ریلوے اور ہائیر ایجوکیشن کے درمیان میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، ریلوے کی طرف سے محسن جاوید اور ایم عثمان جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے گول ایم عابد اور اشعر نے گول اسکور کیے۔ ریلوے نے چھ اور ہائیر ایجوکیشن نے پانچ پنالٹی کارنر حاصل کئے۔ پاکستان نیوی اور پولیس کے درمیان میچ میں بھی کھلاڑیوں کے در میان زبردست رسہ کشی نظر آئی۔ نیوی کی جانب سے سلطان عامر نے پہلے ہی منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلادی جبکہ عامر شبیر نے مزید دو گول بناکر اپنی ٹیم کی جیت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کا واحد گول وقاص عمر نے اسکور کیا۔