سرگودھا(نمائندہ جنگ ،نامہ نگار)چک نمبر 32جنوبی میں سوئی گیس منصوبے کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ سوئی گیس کی فراہمی کسی پر احسان نہیں ہے اوریہ حلقہ کی عوام کا حق ہے جو ان کو دیا جا رہا ہے ۔200گھروں میں سوئی گیس کے میٹر لگا دیے گئے ہیں۔ این اے 67کے عوام سے کئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے ۔گاؤں کے لئے سولنگ ،نالی و دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے 25لاکھ روپے فنڈزدینے کا وعدہ کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ این اے 67کی عوام سے الیکشن 2013ء میں کیے ہوئے تمام وعدوں کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور اس کے لئے ہم دن رات کوشاں ہیں ۔انہوں نے مز ید کہا کہ پینے کے صاف پانی کے لئےگاؤں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی جلد نصب کیا جائے گا جس سے پینے کے لئے صاف ستھرا پانی گھر گھر تک پہنچایا جائے گا۔ ہم عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں۔تقریب میں سوئی گیس ایگزیکٹیو آفیسر گریڈ 3نعمان، سوئی گیس ایگزیکٹیو آفیسر گریڈ 3 عدنان حیدر، چوہدری شبریز گجر، میاں اکرام الحق، غلام رسول منڈا،مبشر احمد سلہریا، حاجی محمود باجوہ،سعید گجر،صغیر گجر،جاوید احمد چیمہ اورخالد بشیر چدھڑبھی موجود تھے۔