حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) معذور افراد کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر حیدرآباد پریس کلب کے سامنے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ اس موقع پر معذور افراد نے بے نظیر بھٹو کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کے لئے دعا بھی کرائی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رفیق راجپوت اور دیگر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا مشن غریب عوام کو روزگار دینا تھا مگر سندھ کی صوبائی حکومت نے عوام کو بے روزگار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹے پر ملازمتوں کے حصول کے لئے احتجاج کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا، مگر تاحال کوئی بھی منتخب نمائندہ ان کا پرسان حال نہیں جس کی وجہ سے شدید پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج بے نظیربھٹو حیات ہوتیں تو یوں نظر انداز نہیں کیا جاتا، جس طرح پارٹی کی موجودہ قیادت کررہی ہے۔ انہوں نے پی پی کی اعلیٰ قیادت سے اپیل کی کہ جلد از جلد کوٹے پر ملازمتیں دیکر انصاف کیا جائے اور شہید بے نظیر بھٹو کے فلسفے اور مشن پر عملدرآمد کیا جائے۔