ملتان (سٹاف رپورٹر) مئیر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ۔مجھے انہوں نے خصوصی ہدایات دی ہیں کہ ملتان کے عوام کی خدمت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،اس حوالے سے ملتان میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کیے جارہے ہیں اور ملتان کے شہری آئندہ چند روز میں شہر میں صفائی کی بہترین صورتحال دیکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے لوگوں کے مسائل جلد حل ہونگے ۔انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے عوام کو بلدیاتی اداروں سے جو توقعات ہیں ان کو پورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔