بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سول ہسپتال میں سرجیکل اور آرتھوپیڈک وارڈ کے نہ ہونے کی بناء پر مریضوں کو سخت مشکلات کاسامنا، میئر بہاولپور کا معاملے کانوٹس، چیف منسٹر پنجاب اورسیکرٹری ہیلتھ کو مراسلہ جاری۔ تفصیلات کے مطابق سول ہسپتال بہاولپورمیں سرجیکل اورآرتھووارڈ کے نہ ہونے کی بناء پر نہ صرف ضلع بہاولپور بلکہ جنوبی پنجاب کے مریضوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔ اس حوالے سے میئر بہاولپور عقیل نجم ہاشمی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور سیکرٹری ہیلتھ کو لکھے گئے مراسلوں میں بتایاہے کہ ان کے سول ہسپتال کے کئے گئے وزرٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ سول ہسپتال میں آرتھوپیڈک وارڈ اورسرجیکل وارڈ کے نہ ہونے کی بناء پر نہ صرف بہاولپورضلع کے مریضوں کوسخت مشکلات کاسامناہے بلکہ جنوبی پنجاب سے ریفرہوکر بہاولپورآنے والے مریضو ں کوبھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتاہے جبکہ بی وی ایچ بہاولپورمیں بھی صرف ایک ہی آرتھوپیڈک وارڈ ہے جس کی وجہ سے تمام مریض داخل نہیں ہوسکتے اوران کاعلاج نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا سول ہسپتال میں فوری طور پر آرتھوپیڈک کانیاوارڈ بنایاجائے جبکہ بی وی ایچ سے سرجیکل کاایک وارڈ سول ہسپتال میں شفٹ کیاجائے تاکہ مریضوں کی مشکلات دور ہوسکیں۔