بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا محمد سلیم افضل نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی اینڈ ایکسیڈنٹ اور آؤٹ ڈوروارڈ کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے شعبہ ایمرجنسی میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالہ سے اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمرجنسی میں آئے ہوئے مریضوں سے عیادت کی ان سے علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے شعبہ ایمرجنسی میں قائم شعبہ طب، سرجری، امراض دل اور امراض بچگان کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبی آلات درست اور فعال رکھے جائیں۔ ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹر راؤ جاوید اختر نے بتایا کہ شعبہ ایمرجنسی میں روزانہ تین ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے بی وی ایچ کے شعبہ آؤٹ ڈور میں قائم تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں آئے ہوئے مریضوں سے علاج کی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ ڈور میں تمام کنسلٹنٹ مقررہ وقت پر اپنے اپنے شعبہ جات میں پہنچ کر مریضوں کا معائنہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کا سٹاک مناسب طریقہ سے رکھا جائے اور ادویات سٹور کرنے کے لئے مزید جگہ بنائی جائے اور ادویات کا سٹاک مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق رکھا جائے۔