لاہور(خصوصی نمائندہ)پنجاب حکومت اورترکی کی معروف کمپنی ذورلوانرجی ہولڈنگ کے مابین قائد اعظم سولر پارک ، بہاولپور میں200میگاواٹ کاسولرمنصوبہ لگانے کیلئےگزشتہ روز مفاہمت کی یادداشت پردستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی اسدالرحمان گیلانی جبکہ ترک کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجراحمت یگمور اوزڈیمرنے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔معاہد ے کے تحت ترک کمپنی قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 200میگاواٹ کا سولر پلانٹ لگائے گی جبکہ پنجاب حکومت اس ضمن میں ترک کمپنی کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی کمپنی کیساتھ آج ہونے والا معاہدہ ملک سے اندھیرے دور کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا کیونکہ200میگاواٹ سولر پاور پلانٹ سے حاصل ہونے والی بجلی کی قیمت تقریباًسواپانچ روپے فی یونٹ ہوگی اور یہ منصوبہ دسمبر 2017 ء میں مکمل ہو گا ، اس منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی سے پورے ملک کو فائدہ ہو گا ۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران،شیر علی خان،عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،ترکی کے قونصل جنرل سردارڈینز اورترک کمپنی ذورلوانرجی کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے ساتھ گزشتہ روز شیخوپورہ میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 1180میگاواٹ کے بھکی پاور پلانٹ کادورہ بھی کیا اورمنصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔قائداعظم تھرمل پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر احدچیمہ نے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے منصوبے جس تیزرفتاری ،اعلی معیار اورشفافیت سے مکمل کیے جارہے ہیں، یہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے، بھکی ،بلوکی اورحویلی بہادرشاہ میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600میگاواٹ کے پاور پلانٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں اوران منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے 20کروڑ عوام کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا ان شاء اللہ 1180میگاواٹ کے بھکی پاور پلانٹ کی پہلی گیس ٹربائن اگلے ماہ بجلی کی پیداوار شروع کردے گی اور وزیراعظم محمد نوازشریف اگلے ماہ گیس ٹربائن کی افتتاحی تقریب میں دوبارہ یہاں آئیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے ماہ اس گیس ٹربائن کی افتتاحی تقریب میں اہم انکشافات کروں گا۔وزیر اعلی نے منصوبے کی تکمیل کیلئے کوششوں میں مصروف افسروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب نے ہارون آباد میں پیپلز پارٹی کے شوکت بسرا اور دیگر کارکنوں پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کیلئے آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی 48گھنٹے میں تحقیقات مکمل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اوکاڑہ کے قریب ٹرین کی رکشہ کو ٹکر سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا۔