کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں قبولیت کا درجہ پانے میں خواجہ سرا رمل علی کو آٹھ سال لگے ہیں۔رمل کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک دہائی قبل جب انھوں نے اس انڈسٹری میں قدم رکھا تومجھے یہ کہہ کر دھتکار دیا جاتا کہ تمہاری جگہ صرف ریڈ لائٹ ایریا ہے۔ان کے مطابق شوبز انڈسٹری پر مردوں اور عورتوں کی حکمرانی ہے۔ ’جب کوئی مجھ جیسا آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے تو سب سے پہلے انڈسٹری کی خواتین راستے کی رکاوٹ بنتی ہیں، میرے کئی فیشن شوز صرف اس لیے منسوخ ہوگئے کہ میری دوستوں نے ایجنسیز کو یہ بتایا کہ میں ایک عورت نہیں، بلکہ خواجہ سرا ہوں۔ رمل کو پاکستانی میوزک بینڈ ʼسوچ کے حال ہی میں ریلیز ہونے والے گانے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔ بینڈ کے گٹارسٹ ربیع احمد کہتے ہیں کہ اس ویڈیو کے لیے پہلے خود کو اور پھر رمل علی کو قائل کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا۔ ʼرمل ہمیشہ خود کو ایک عورت ظاہر کرتی تھیں۔ انھیں ڈر تھا کہ پاکستان میں بطور ٹرانس جینڈر شناخت ان کے کریئر کو تباہ کر دے گی۔رمل اس کردار کے بارے میں کہتی ہیں:ʼیہ بقا کی جنگ ہے، وہ زندہ رہنے کی وجہ ڈھونڈ رہی ہے۔ پیسہ تو کچھ بھی نہیں، پیسہ نہ تو خوشیاں خرید کر دیتا ہے، نہ ہی رشتے۔بینڈ کے گلوکار عدنان دھول کہتے ہیں کہ اس گانے کی کہانی درحقیقت رمل علی اور ان جیسے دیگر افراد کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے۔رمل علی کا کہنا ہے کہ وہ خوش ہیں کہ ʼآج مجھے بھی انسان سمجھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ویڈیو کے بعد اب انھیں ایک ڈرامے میں سنجیدہ کردار دیا گیا ہے جب کہ دو فلمیں بھی آفر ہوئی ہیں۔میری کامیابی یہ ہو گی کہ میں ایک ٹرانس جینڈر کے طور پر لوگوں کو جواب دے سکوں کہ نہیں، اگر آپ ہمت کریں، تو کسی بھی فیلڈ میں خود کو منوا سکتے ہیں۔رمل سے قبل پاکستان کی شوبز صنعت میں خواجہ سرا کامی سڈ نے بطور ماڈل ایک فوٹو شوٹ سے مقبولیت حاصل کی تھی جبکہ گذشتہ برس ٹی وی ڈرامے ʼمور محل میں بھی خواجہ سراؤں کو کاسٹ کیا گیا۔سوچ بینڈ کے گلوکار عدنان دھول کہتے ہیں کہ اس کمیونٹی کو کبھی ان کی صلاحیت کے مطابق مقام نہیں دیا جاتا۔ان کا کہنا ہے کہ ہمارے رویے ان افراد کو تنہائی کا شکار بنا دیتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں خواجہ سراؤں کو امتیازی سلوک اور تشدد کا بھی سامنا ہے اور 2016میں صرف خیبر پختونخوا میں ہی 45 خواجہ سرا ہلاک ہوئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 80ہزار کے قریب خواجہ سرا موجود ہیں جبکہ غیر سرکاری اعدادوشمار یہ تعداد تقریباً ساڑھے تین لاکھ بتاتے ہیں۔ اس سال مارچ میں ہونے والی مردم شماری میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو بھی شمار کیا جائے گا۔