پشاور ( آن لائن ) سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبر پختونخوا حکومت نے مردان انتظامیہ و پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ خواجہ سرائوں کو علاقے سے بیدخل نہ کرے ۔ مردان پولیس نے بعض وجوہات کی بناء پر مردان کے درجنوں خواجہ سرائوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایات دی تھیں جس پر ایک مقامی این جی او کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کی گئی جس میں مردان کے خواجہ سرائوں کو ہراساں کرنے کے بارے میں شکایات کی تھی جس پر چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مردان کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایات کی تھی ۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ایس ایس پی آپریشن مردان بھی پیش ہو ئے اور پولیس نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ خواجہ سرائوں کو ہراساں نہیں کرینگے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کی جانے والے احکامات کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے بھی خواجہ سرائوں کو بیدخل نہ کرنے کی ہدایات مردان انتظامیہ کو کردی ہے ۔