اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے لاہور واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں دہشتگردی کے واقعات پر میڈیا نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے‘ میڈیا سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی۔میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کا حوصلہ بلند رکھے،خوف و ہراس پھیلانا ہی دہشت گردوں کا مقصد ہے ،قوم کے حوصلے پرنٹ‘ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے جڑے ہوئے ہیں۔میڈیا اپنے کیمروں سے عوام کے عزم ، امید اور حوصلے کو بڑھائے ،بطور وزیراطلاعات میڈیا سے کہتی ہوں ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری سے دہشتگردی کے واقعات کو رپورٹ کریں۔دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے قوم مزید مضبوط اور عوام حوصلہ مند ہوئے ہیں۔