جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ فاٹا اصلاحات تضادات کا مجموعہ ہے، حکومت نے اس بارے میں ان کے ساتھ جو معاملات طے کیے تھے ان سے انحراف کیا،اپنے مؤقف سے وزیراعظم کو آگاہ کردیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کی سو سالہ تاسیسی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں مولانا فضل الرحمان نے کراچی کی جامعہ احسن العلوم میں منعقدہ تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر حکومت سے بات چیت جاری ہے، چاہتے ہیں، معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہوں اورفاٹا کے عوام پر ان کی مرضی کے برخلاف کوئی فیصلہ مسلط نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ علماء جمعیت علمائے اسلام کا ساتھ دیں، عوام میں جائیں اور مظلوموں کی آواز بنیں، جمعیت علماء اسلام انسانی حقوق اور انسانی آزادی کی علمبردار ہے۔