• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری پرویز اقبال لوسر کی پولینڈ کے سابق وزیراعظم سے ملاقات

برسلز (عظیم ڈار)ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے پولینڈ کے سابق وزیراعظم، سابق پریذیڈنٹ یورپی پارلیمنٹ، ممبر انڈسٹری ریسرچ اینڈ انرجی، ممبرپلیٹ فارم اوبے واٹلسکہ، ممبر ای پی پی گروپ، ممبرکانفرنس آف کمیٹی چیئر، ممبر آف نیٹو، ممبر سیکورٹی اینڈ ڈیفنس سبسٹی ٹیوٹ فارن آفیئر، مولڈوا ڈیلی گیشن یورونیسٹ پارلیمنٹری اسمبلی جیزی بیوزک کے ساتھ یورپی پارلیمنٹ برسلز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چوہدری پرویز اقبال لوسر نے EUپاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے اغراض ومقاصد بیان کئے اور ان سے یورپ میں مقیم پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے مسائل اور سرگرمیوں پر تفصیلی بات چیت کی اور انہیں بتایا کہ EUپاک فرینڈ شپ فیڈریشن اس وقت دس سے زائد یورپی ممالک میں کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کے حل اور پاکستان کا امیج اجاگر کرنے کیلئے نہ صرف یورپی پارلیمنٹس بلکہ یورپ کے مختلف ممالک کی مقامی پارلیمنٹس میں یورپی طرز کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور 2019ء تک EUپاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے 28ممالک میں اپنی برانچوں کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ڈائیلاگ کے ذریعے امن کا پیغام پھیلانے کیلئے کلیدی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مبتلا ہے۔ کشمیری قوم وادی کے اندر غیرمحفوظ ہے بلکہ ہرروز متعدد کشمیریوں کو مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے تشدد کا نشانہ بناکر شہید کردیا جاتا ہے اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات معمول کا حصہ بن چکے ہیں جب کہ سکولوں کے طلبہ و طالبات خطرناک ماحول میں نامکمل تعلیمی نظام اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے ساتھ مشکل زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ مجبور کشمیریوں کے حقوق کے حصول کیلئے سہہ فریقی مذاکرات کا سلسلہ شروع کرائے تاکہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو اور کشمیری قوم آزادی کی سانس لے سکے۔ جیزی بیوزک نے چوہدری پرویز اقبال لوسر کو بتایا کہ وہ دنیا میں قیام امن کی خاطر پہلے ہی سے متحرک ہیں اورEUپاک دوستی سے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین دنیا میں امن قائم کرنے اور معاشی طور پر اکانومی کو مضبوط بنانے کیلئے تھنک ٹینک کے ذریعے نہ صرف امداد کرتی ہے، بلکہ مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔ انہوں نے ای یوپاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی محدود اوقات میں کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر غور کرنے اور مسئلہ کے حل پر سنجیدگی کا اظہار کیا، مزیدبراں چوہدری پرویز اقبال لوسر نے پاکستان میں جاری سی پیک منصوبے پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سی پیک کے ذریعے دنیا بھر میں تجارتی راہوں کو ہموار کرنے میں نمایاں مقام حاصل کررہا ہے بلکہ پاکستان ترقی یافتہ صفوں میں شامل ہورہا ہے۔ جیزی بیوزک نے سی پیک منصوبے کو پاکستان کی ترقی کے لئے سنگ میل قراردیا۔
تازہ ترین