راولپنڈی (ساجد چوہدری اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کمرشل جائیدادوں کا پراپرٹی ٹیکس سروے کا کام تقریباً مکمل کر لیا ہے جبکہ دوسری طرف منتخب ممبران کینٹ بورڈ کینٹ بورڈ انتظامیہ پر زور دے رہے ہیں کہ ٹیکس سروے کا عمل فوری طور پر روک دیا جائے ، ذرائع کے مطابق نئے سروے کے مطابق ٹیکس ڈیمانڈ چالیس فیصد تک بڑھنے کے امکانات ہیں ، صرف صدر کے کمرشل ایریاز کی اگر صحیح اسیسمنٹ کر لی جائے اور اسیسمنٹ کے مطابق ٹیکس وصولیاں کی جائیں تو چھوٹے رہائشی یونٹوں سے ٹیکس کی وصولیوں کی شاید ضرورت ہی باقی نہ رہے مگر بدقسمتی سے ماضی میں عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے صحیح اسیسمنٹ نہ ہونے کے باعث ادارے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ اب کینٹ بورڈ حکام کی ہدایت پر شعبہ ریونیو کے عملہ نے صدر سمیت کینٹ کے دیگر بازاروں میں کمرشل پراپرٹی کا سروے تقریباً مکمل کر لیا ہے جس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ ٹیکس کی ڈیمانڈ چالیس فیصد بڑھنے سے شہریوں کے زیادہ ترقیاتی کام ہو سکیں گے ۔