سیالکوٹ ( نمائندہ جنگ ) ضلع سیالکوٹ میں امسال کاشتکاروں سے 16لاکھ40ہزار پی پی بیگز (بوریاں)گندم خریدی جائے گی اس سلسلہ میں ضلع سیالکوٹ میں 10گندم خرید مراکز قائم کردیئے گئے ‘ حکومت پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت 1300روپے من مقرر کی ہے جبکہ گندم براہ راست زمیندار اور کاشتکاروں سے ہی خریدی جائے گی ۔گندم خریداری اور سٹوریج کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمر شیر، اے سی سیالکوٹ، سمبڑیال، پسرور، ڈسکہ , ڈی ایف سی اور ڈی او ایچکے علاوہ متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔ قبل ازیں ڈی سی سیالکوٹ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور کا اچانک دور ہ کیا اور ہسپتال کی او پی ڈی ، لیبارٹری، فارمیسی اور وارڈز کا معائنہ کیا اور عوام الناس کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام بھی جائزہ لیا اور محکمہ تعمیرات کے مقامی حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔