سکھر (بیورو رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے بانی مصطفی کمال کی کال پر سکھر میں بھی کارکنان نے قاسم پارک سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، کارکنان نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر عوام کے مسائل کے حل کے لئے نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پارٹی کے بانی مصطفی کمال اور ان کے ساتھیوں کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کئے جائیں، ہمارے مطالبات جائز ہیں، عوام کے حقوق حاصل کرنے اور ان کے مسائل کو حل کرنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ پی ایس پی سکھر کے کارکنان کراچی میں دھرنے تک سکھر میں روزانہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔