• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی و برازیل کی ٹیمیں لاہور میں فٹ بال میچ کھیلیں گی

Germany And Brazil Football Teams Will Play Matches In Lahore
دنیا کی معروف فٹ بال ٹیموں کے درمیان لاہور میں میچ کرانے کے لیے کام شروع ہوگیا ، جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں لاہور میں فٹ بال میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئیں ، عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر مقابلے میں شریک ہونگے ، جبکہ میچ کوعالمی میڈیا براہ راست دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ کرےگا ، جرمنی میں معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں مقیم معروف پاکستانی نژاد جرمن شہری سید خرم کی مارکیٹنگ کمپنی اور جرمنی اور برازیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت جرمنی اور برازیل کے ماضی کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑیوںپر مشتمل ٹیمیں پاکستان کے شہر لاہور میں فٹ بال کا نمائشی میچ کھیلیں گی۔

اس حوالےسے گفتگو کرتے ہوئے میچ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سید خرم نے بتایا کہ اس میچ سے پاکستان کا امیج پوری دنیا میں تبدیل ہوکر رہ جائیگا اور عالمی برادری اور کروڑوں کی تعداد میں فٹ بال کے شائقین کو پاکستان کی اصل تصویر دیکھنے کو ملے گی۔

سید خرم نے کہا کہ اس میچ کے انعقاد کے لیے تینوں مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، میچ 2018کے اوائل میں منعقد کیا جائے گا تاکہ تیاریوں کیلئے وقت مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کو ممکن بنانے میں کئی سال لگے ہیں جس کی وجہ پاکستان کے حالات تھے تاہم اب حالات بہتر ہو رہے ہیں لہٰذا دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

سید خرم کا کہنا تھا کہ وہ عنقریب لاہورجائیں گے اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو اس منصوبے کے حوالے سے پریزنٹیشن دیں گے تاکہ حکومت پنجاب کو اس منصوبے پر آن بورڈ لیا جاسکے ۔
تازہ ترین