پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ کل تاریخ کا اہم ترین فیصلہ آرہا ہے،پی ٹی آئی قیادت اس کیس کے لیےاٹھ کھڑی نہ ہوتی توپاناما ایشودفن ہوچکا ہوتا۔
کل پاناما کیس کے فیصلے کے آنے کے حوالے سے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپریل میں ہی ابتدا ہوئی اور اپریل میں ہی اونٹ کسی کروٹ بیٹھے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب بھی پی ٹی آئی عوامی رابطہ مہم شروع کرتی ہے،ان کوتکلیف ہوتی ہے،ہم واضح کرچکے ہیں کہ سسٹم کوڈی ریل کرنا نہیں چاہتے، احتساب کا عمل آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ پتہ نہیں کیا فیصلہ دیتی ہے، لیکن عوام کی عدالت میں ہم کیس جیت چکے ہیں، عدالت کا فیصلہ سننے کے بعد اپنی رائے دیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہے، اس پر مشاورت جاری ہے۔