اسلام آباد (آئی این پی ) وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف افراتفری اور بدامنی پھیلانا چاہتی ہے،جلاؤگھیراؤ کی روش ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہے،جے آئی ٹی کو مسترد کرنا توہین عدالت کے مترادف ہے،پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کیلئے ایک پرکشش ملک بن چکا ہے،پوری دنیا اقتصادی راہداری کو ایک گیم چینجر کا نام دے رہی ہے،سی پیک وزیراعظم کے وژن کا جدید روپ ہے، مخالفین پاکستان کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں،گوادر کے ساتھ 65ملکوں کا منسلک ہونا دشمن سے ہضم نہیں ہورہا،جب جب اس ملک میں امن و خوشحالی آئی دشمن بے چین ہوا،وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا احتساب دے کر مثال قائم کی،سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے،قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔ وہ جمعہ کو تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان کی آنے والی نسلوں کیلئے تحفہ ہے۔مریم اورنگز یب نے کہا کہ مخالفین کا رویہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے منافی ہے،گذشتہ چار سال میں لگنے والے بجلی منصوبوں کی 70سال میں مثال نہیں ملتی،بھکی پاور پلانٹ پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، جب جب اس ملک میں ترقی ہوئی، امن آیا،خوشحالی آئی،دشمن بے چین ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے ساتھ 65ملکوں کا منسلک ہونا دشمن سے ہضم نہیں ہورہا، وزیراعظم نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔