اسکردو(نثار عباس-نامہ نگار)قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کے اجلاس میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت پراعتماد کی قرار داد واضح اکثریت سے منظور،قرارداد ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی جعفر اللہ نے پیش کی۔قرار داد میں ممبران قانون ساز اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم میاںمحمد نواز شریف کی پرعزم اورولولہ انگیزقیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کیاگیااورخراج تحسین پیش کیاگیا۔ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کاگلگت بلتستان کی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد ہماری تاریخ کاروشن باب ہے۔انہوں نے گلگت بلتستان کی تعمیروترقی کیلئے جو عملی اقدامات کئے ہیں وہ یہاں کی عوام کے ساتھ دلی محبت اور لگاؤ کاثبوت ہے ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں گلگت بلتستان کی حکومت عوام کے روشن مستقبل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اورترقی اورخوشحالی کایہ درخشاں سفرآب وتاب سے جاری رہے گا۔یہ ایوان وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں پرگلگت بلتستان اورآزادکشمیر کے عوام کے اعتماد کوبھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اوروفاق پاکستان کیلئے ان کی شخصیت کی اہمیت کااعادہ کرتاہے۔