• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میونسپل کارپوریشن راولپنڈی‘ مخصوص نشستوں کیلئے جاری انتخابی شیڈول منسوخ

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کے بعد میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی مخصوص نشستوں کیلئے جاری انتخابی شیڈول منسوخ کر دیا ہے۔ الیکشن ٹربیونل کی طرف سے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی مخصوص نشستوں کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے اور اسکے نتیجے میں میئرو ڈپٹی میئر کے انتخاب غیرموثر ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں آر ایم سی کی 17مخصوص نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول جاری کیا تھا‘ جو اب منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ادہر تاحال الیکشن 2013ء اور بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 2015ء میں تعینات کئے گئے انتخابی عملہ کو تاحال معاوضہ کی ادائیگی نہیں ہو سکی ہے۔ سینئر سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ظفر جمیل اور پنجاب ایسوسی ایشن آف سبجیکٹ سپیشلسٹ کے صدر غلام محمد نے اعزازیہ کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اعزازیہ نہ ملا تو آئندہ انتخابات میں کوئی ڈیوٹی نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پشاور ہائی کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کو الیکشن الائونس کی ادائیگی کی ہدایت کی ہے‘ جبکہ دوسری طرف الیکشن کمیشن کا عملہ خود بھی تنخواہیں نہ بڑھنے پر بے چینی کا شکار ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق میئر راولپنڈی کے انتخاب اور آئندہ عام انتخابات پر اٹھنے والے اخراجات سمیت الیکشن کمیشن کا آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ تاحال منظور نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق پاناما کیس، انتخابی اصلاحات کمیٹی اور آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی مصروفیات کے باعث الیکشن کمیشن کے آئندہ مالی سال کی تجاویز مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ مالی سال کیلئے تنخواہوں اور غیرترقیاتی بجٹ کی مد میں اڑھائی ارب روپے مانگے ہیں۔
تازہ ترین