گجرات (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر گجرات محمد علی رندھاوا نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کو معاشرے کا رآمد شہری بنانے کیلئے گجرات میں بحالی مرکز قائم کیا جائیگا، نئی نسل کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنے کیلئے جامع پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد منشیات کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بحالی مرکز میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز کے ساتھ یونیورسٹی آف گجرات شعبہ سائیکالوجی کے ڈاکٹرز اور سٹوڈنٹس بلامعاوضہ خدمات فراہم کرنے کیلئےتیار ہیں، بحالی سنٹر کیلئے اینٹی نار کوٹکس کمیٹی کی سب کمیٹی بلڈنگ کا جلد سے جلد انتظام کریگی۔ ضلع بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ کی آگاہی کیلئے سیمنیار کا انعقاد کیا جائے گا، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اس حوالے سے جامع پروگرام تیار کریں۔ ضلعی پولیس منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کر رہی ہے، ڈسٹرکٹ جیل میں قید نشے کے عادی افراد کی مکمل بحالی کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس سے قبل ای ٹی او ارشد مجید، سوشل ویلفیئر آفیسر محمد عمر، ڈی ایس پی سی آئی اے اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔