کوہاٹ(نمائندہ جنگ ) فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ مزید 4دہشتگردوں کو کوہاٹ جیل میں پھانسی دیدی گئی۔چاروں دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان پا کستا ن سے تھااور وہ شہریوں،سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مساجد پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدا لتو ں سے سزا یافتہ مزید چار خطرناک دہشتگردوں کو بدھ کی صبح کوہاٹ جیل میں پھانسی دیدی گئی۔ یہ دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل مسلح افواج و قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مساجد پر حملوں سمیت تخریب کاری کے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ دہشتگرد قاری ذبیر محمد ولد سخی محمدسکنہ بدرشی نوشہرہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال رکن تھا وہ ایک مسجد پر خود کش حملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا جسکے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کئی افرادکی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے ۔اسکے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اورخود کار ہتھیار برآمد ہوئے اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اسے موت کی سزا سنائی گئی۔پھانسی کی سزا پانیوالا دوسرا دہشتگرد عزیز خان ولد عشبر خان سکنہ سوات بھی کالعدم تحریک طالبان کا سرگرم رکن تھا وہ سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے علاوہ دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھاجسکے نتیجے میں فوجیوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور زخمی ہوئے اور کمیونیکیشن نظام تباہ ہوئی اس کے قبضے سے خود کش جیکٹس اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوئیں اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اسے موت کی سزا سنائی گئی۔