راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) اڈیالہ جیل، پولیس کالج سہالہ، کمشنرو ڈپٹی کمشنر سمیت راولپنڈی کے تمام محکموں میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے سینکڑوں ملازمین نے چار چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف مری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ اس دوران ملازمین سینہ کوبی کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کرتے رہے۔ مظاہرین نے آج سے دن رات دھرنا دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ مظاہرین پی ڈبلیو ڈی آفس میں چوہدری فیاض کی قیادت میں اکٹھے ہوئے۔ اس موقع پر ایپکا راولپنڈی کے رہنمائوں سردار حنیف، افتخار احمد گڈو، راجہ فہیم جنجوعہ، چوہدری ارشد ڈھلوں اور ملک جمیل اعوان نے بھی ملازمین کو حمایت کا یقین دلایا۔