سکھر (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی و لاپرواہی کے باعث کھیل کے میدان اور سیر وتفریح کے باغات شادی ہالز میں تبدیل ہوگئے۔ کھیل کے میدانوں میں کسی بھی قسم کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی کے باوجود شادی و بیاہ کی تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ کھیل و کود کی سرگرمیوں سے محروم نوجوان سماجی برائیوں میں مبتلا ہونے لگے۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے شعبہ لینڈ گرانٹ اور شعبہ باغات کے افسران کی عدم توجہی و لاپرواہی کے سبب سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں واقع کھیل کے میدانوں و تفریحی مقامات منزل گاہ گراؤنڈ، لطیف پارک، چلڈرن پارک پاک کالونی سمیت دیگر کو بااثر ڈیکوریشن مالکان نے ٹینٹ لگاکر شادی و بیاہ کے ہالز میں تبدیل کردیا ہے۔ شادی و بیاہ کی تقریبات کے انعقاد کے لئے کھیل کے میدانوں میں ٹینٹ لگادیے گئے ہیں جس کی وجہ سے کھیل کے میدان تباہ ہورہے ہیں۔ بااثر ڈیکوریشن مالکان کی جانب سے بعض کھیل کے میدانوں پر ٹینٹ لگاکر چھوڑ دیا گیا ہے اور انہیں شادی ہالز کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ مستقل طور پر ٹینٹ لگاکر ایک کے بعد دوسرے پروگرام و تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، میونسپل کارپوریشن کے افسران بااثر افراد کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں، کھیل کے میدانوں اور تفریحی مقامات پر شادی و بیاہ سمیت کسی بھی قسم کی تقریبات کے انعقاد پر انتظامیہ نے پابندی بھی عائد کی ہوئی ہے مگر اس کے باوجود بااثر افراد کھیل کے میدانوں اور تفریحی مقامات پر شادی و بیاہ سمیت دیگر تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھ کر انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے لب مہران پارک، محمد بن قاسم پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات پر پروگرامات منعقد ہوتے رہتے ہیں، جس پر ضلع انتظامیہ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی ہے۔ کھیل و کود کے میدانوں اور تفریحی مقامات پر شادی و بیاہ سمیت دیگر تقریبات کے انعقاد کی وجہ سے میدان اور تفریحی پارک زبوں حالی کا شکار ہورہے ہیں اور نوجوان کھیل و کود اور تفریح کی سہولیات سے محروم ہورہے ہیں۔ صحتمندانہ سرگرمیوں سے دور رہنے والے بیشتر نوجوان مختلف سماجی برائیوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ کھیل اور تفریح کی سہولیات سے محروم شہریوں نے انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بااثر افراد نے شہر کے تفریح مقامات اور کھیل کے میدانوں پر قبضے کرکے انہیں شادی ہالز بنادیا ہے مگر انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، کھیل کے میدان اور تفریحی پارک پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہیں اور اب انہیں شادی ہالز میں تبدیل کیے جانے سے رہی سہی کسر بھی پوری ہوگئی ہے۔