سکھر+روہڑی (بیورو رپورٹ/نامہ نگار ) پولیس نے رمضان المبارک میں جوا، منشیات کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا، نواحی علاقے صالح پٹ میں پولیس نے چھاپہ مار کر 14جواریوں کو جوا کھیلتے ہوئے گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی اور موبائل فون برآمد کر کے تھانہ صالح پٹ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ صالح پٹ کے علاقے میں جوا کا اڈا قائم ہے جہاں روزانہ لاکھوں روپے کی جوا کھیلا جارہا ہے جس پر پولیس پارٹی تشکیل دی گئی اور پولیس نے جوا کے اڈے پر چھاپہ مارا تو وہاں جوا کھیلتے ہوئے 14افراد کو گرفتار کر کے جوا پر لگی ہوئی دو لاکھ روپے سے زائد نقد رقم ، جوا میں استعمال ہونے والے سامان ، 7موبائل فون برآمد کر کے صالح پٹ تھانے میں 14ملزمان کے خلاف جوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق رمضان المبارک میں جوا، فحاشی، منشیات کے اڈوں اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے پولیس افسران اور تھانہ انچارجز پر مشتمل متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ رمضان المبارک اور شدید گرمی کے دوران بھی ضلع کے کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے اور یہ آپریشن ڈاکوؤں کی مکمل سرکوبی تک جاری رہے گا۔ ایس ایس پی سکھر نے تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دیں ہیں کہ رمضان المبارک میں اپنے تھانوں کی حدود میں جرائم، خاص طور پر اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جوا، فحاشی، منشیات کے اڈوں کا قلع قمع یقینی بنانے کے ساتھ معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ، تمام علاقوں میں رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں ، شہر کے چوراہوں، شاہراہوں پر اچانک سرچنگ کا عمل شروع کرنے کے ساتھ ساتھ تمام داخلی اور خارجی راستوں پر مشکوک گاڑیوں، مشتبہ افراد کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جس تھانے کی حدود میں بھی جوا ،منشیات، فحاشی یا دیگر معاشرتی برائیوں کے حوالے سے اطلاعات ملیں گی تو ان کے تھانہ انچارجز کے خلاف فوری محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تمام پولیس افسران واہلکار رمضان المبارک میں مکمل طور پرالرٹ رہیں اور اپنے فرائض احسن انداز میں ادا کریں ، فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جو بھی پولیس افسر واہلکار بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اس کی حوصلہ افزائی اور ناقص کارکردگی ، غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز پر واضح کیا کہ وہ رمضان المبارک میں شہر کی تمام مارکیٹوں، شاہراہوں، چوراہوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے ہر تھانے کی سطح پر انتظامات کریں، میں خود خفیہ طور پر چیکنگ کروں گا اگر کہیں کوئی ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار غائب ہوا تو نہ صرف مذکورہ پولیس اہلکار بلکہ اس کے ذمہ دار پولیس افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔