• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق امیر جماعت اسلامی میاں طفیل محمد کا سانحہ ارتحال

Todays Print News

جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر اور بانی رکن میاں طفیل محمد طویل علالت کے بعد جمعرات کے روز لاہور میں انتقال کرگئے،انا للہ وانا الیہ راجعون۔ صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ و گورنر پنجاب ،مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف،عمران خان، سابق امیر جماعت قاضی حسین احمد اور موجودہ امیر سید منور حسن نے اس قومی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وہ 1972ء سے 1982ء تک جماعت اسلامی پاکستان کے امیررہے۔ مرحوم کا تعلق بھارت کی ریاست کپورتھلہ سے تھا۔ ان کا شمار جماعت کے 80بانی ارکان میں ہوتا ہے۔ انہوں نے طویل عرصہ تک جماعت سے اپنی وابستگی کے ساتھ شاندار خدمات انجام دیں۔ انہوں نے بعض کتابوں کے ترجمے بھی کئے بالخصوص حضرت داتا گنج بخش کی کتاب کشف المحجوب کا ترجمہ خاصی مقبولیت کا حامل ہے۔ مرحوم کے پسماندگان میں چار بیٹے اور آٹھ بیٹیاں شامل ہیں وفات کے وقت ان کی عمر 96سال تھی۔ ان کے انتقال پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، وفاقی اورصوبائی وزراء اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی بڑی تعداد نے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی ، دوسری مذہبی وسیاسی جماعتوں اور علمی حلقوں میں ان کی کمی کو طویل عرصے تک محسوس کیا جائیگا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔(آمین)

تازہ ترین