سرگودھا(نامہ نگار)ڈرگ ریگولٹیری اتھارٹی پاکستان نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے فارما سوٹیکل انڈسٹریل یونٹ کو ادویہ سازی کے لئے لائسنس جاری کردیا ۔اس موقع پر وی سی ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی پبلک سیکٹر میں پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جس کو یہ لائسنس جاری کیا گیا۔یونیورسٹی کے اس اقدام سے ادویہ سازی کے میدان میں ایک نئے کامیاب دور کا آغاز ہوگا۔ فارماسوٹیکل انڈسٹریل یونٹ کے انچارج محمد اقبال نے بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی کا فارماسوٹیکل انڈسٹریل یونٹ 6 ایکٹر پر مشتمل ہے اور اس کی ادویہ سازی کی گنجا ئش 8 لاکھ پیکس ماہانہ ہوگی ۔ یونٹ میں سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں کو سستی اور معیاری ادویات فراہم کرنے کی گنجائش پیداکی گئی ہے ۔ فارمایونٹ فارمیسی کے طلبہ کے لئے ایک ٹریننگ ڈرگ یونٹ کے طور بھی کام کرے گا ۔