وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک ناکام کرنے کے لیے سیاسی انتشار اور بحران پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، مسلم لیگ ن اور نواز شریف مضبوط سیاسی حقیقتیں ہیں، سازشوں کی پھونکوں سے یہ چراغ نہیں بجھائے جا سکتے۔
اپنے ایک بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چند عناصر کی خواہش ہے کہ عدلیہ میں جسٹس منیر کی روح دوبارہ پیدا ہو جائے، عمران خان جو کام ووٹ سے نہیں کر سکتے وہ چاہتے ہیں سپریم کورٹ ان کو کر کے دے، مشرف اور زرداری سے پہلے نواز شریف کا احتساب، کھیل سب کو معلوم ہے، جو بھی سازش ہوئی بھرپور مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی 2018 میں کامیاب ہو گی ۔
احسن اقبال نےکہا کہ جے آئی ٹی عوام کی نظر میں متنازعہ ہو چکی ہے، سپریم کورٹ پہلے مشرف کا فیصلہ کر کے سول لیڈرز کا احتساب کرتی تو بات سمجھ میں آتی۔
انہوں نے کہا کہ 2013 اور 2017 کے پاکستان کا فرق اندھا بھی محسوس کر سکتا ہے، کسی کو پاکستان کے مقدر سے کھیلنے نہیں دیا جائے گا، عمران کو اسٹیبلشمنٹ کے چند عناصر نے سول نظام کمزور کرنے کے لئے استعمال کیا اور عمران خان کا فقط اتنا ہی کردار ہے۔