• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی ٹیم کی ناقص کار کردگی کے بعد صدر پی ایچ ایف متحرک

Todays Print

 کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگڈئیر (ر) خالد کھوکھر نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام معاملات کی خود نگرانی کا فیصلہ کیا ہے، قومی ہاکی میں بہتری کے لئے وہ متحرک ہوگئے۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق فیڈریشن کے صدر جو اپنی علالت کے باعث کئی ماہ سے زیر علاج تھے ان کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک اہم عہدے دار نے بھر پور اقربا پروری کا مظاہرہ کیا، پی ایچ ایف کے صدر کو قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے بھی بڑے دبائو کا سامنا ہے اور حکومت نے ہاکی کے معاملات کو درست کرنے کی فوری ہدایت کی ہے جس کے بعد تمام سطح پر قومی ہاکی ٹیموں کی انتظامیہ سمیت قومی سلیکشن کمیٹی میں جلد تبدیلی متوقع ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر نے جمعرات اور جمعے کو اسلام آباد میں خاصا مصروف دن گذرا ، انہوں نے چیف سلیکٹر رشید جونئیر، سابق ہاکی اولمپئنز  نعیم اختر، مصدق حسین ، قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حسن سردار، کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے حکام سے بھی ملاقات کی۔

وہ دوسرے مرحلے میں پیر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ جمعے تک قیام کریں گے اور  سابق ہاکی اولمپئینز، انٹرنیشنل کھلاڑیوں، ہاکی حکام سے بھی ملیں گے، اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پی ایچ ایف  کے صدر سے سابق ہاکی اولمپئنز نے قومی ہاکی ٹیم ، پی ایچ ایف کی کارکردگی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا، ان اولمپئنز  نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے قومی سینئر ہاکی ٹیم کی کوچنگ کے معاملات آصف باجوہ، طاہر زمان، خواجہ جیند اور حنیف خان کے ہاتھوں میں رہے ہیں لیکن ٹیم کی پرفارمنس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پی ایچ ایف کے صدر نے قومی جونئیر ٹیم کی کوچنگ پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے پانچ کھلاڑی حالیہ لندن کے ورلڈ لیگ ایونٹ میں کوئی خاص پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔ جونیئر ٹیم کی انتظامیہ بھی بدلے جانے کا امکان ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر کراچی میں بھی سابق کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔ 

تازہ ترین