سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں واقع بھینسوں کے باڑوں کو مکمل طور پر کیٹل کالونی منتقل کرانے میں ناکام ہوگئی۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے احکامات بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ضلعی اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے طویل عرصہ گزرنے کے باوجود شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں واقع بھینسوں کے باڑوں کو مکمل طور پر کیٹل کالونی منتقل نہیں کیا جاسکا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں ممبران کی جانب سے بھینسوں کے باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ بھینسوں کے باڑوں کو باہر شہر سے باہر منتقل کیا جائے مگر انتظامیہ نے ان کے احکامات بھی یکسر نظر انداز کررکھے ہیں، جبکہ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ سمیت دیگر ڈویژنل و ضلعی افسران کی جانب سے منعقدہ اجلاسوں میں بھینسوں کے باڑوں کی کیٹل کالونی میں منتقلی کرنے کے لئے بلند و بانگ دعوے کیے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہ کیے جانے کی وجہ سے بھینسوں کے باڑے کیٹل کالونی منتقل نہیں کیے جاسکے ہیں۔ شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات پر انتظامیہ کی جانب سے بھینسوں کے باڑوں کو کیٹل کالونی منتقل کرنے کے لئے متعدد بار آپریشن بھی کیا کیا جاتا ہے تاہم کوئی بھی آپریشن آج تک منطقی انجام تک نہیں پہنچا ہے۔