شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)محکمہ تعلیم ضلع شیخوپورہ میں ایجوکیٹرز کی بھرتیوں میں میرٹ پرآنے کی خاطر بڑے پیمانے پر جعلی ڈومیسائل تیار کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جن کو دوامیدواروں مظہر قیوم اوراقدس فاروق نے عدالت عالیہ میں چیلنج کردیا ہے جس کے بعد اس صورتحال سے ڈی ای او سکینڈری نے بھی ضلع انتظامیہ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ ایجوکیٹروں کی بھرتی کے لیے حکومت پنجاب نے خالی سیٹ والے سکول کے قریب ترین رہائش رکھنے والے امیدوار کو 12نمبر اضافی دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔جس کی بناپر متعددامیدواروں نے اپنے پہلے سے موجود ڈومیسائل کے علاوہ نئے ڈومیسائل بھی بعض ملازمین کی ملی بھگت سے بنوالیئے ہیں جن میں دوامیدواروں سید اعظم علی شاہ اور رضوان سعید کے ڈومیسائل بھی شامل ہیں۔ متعلقہ عملے نے ملی بھگت کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔ دریں اثناء باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ایجوکیٹروں کی بھرتی میں بڑے پیمانے پر تعلیمی اسناد اور ڈگریاں بھی استعمال کی گئی ہیں جس کا راز کھل جانے پر میرٹ لسٹوں کی ازسرنو پڑتال کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ضلع شیخوپورہ میں ایجوکیٹروں کی بھرتی کاکام شیڈول کے مطابق مکمل نہیں ہوسکا۔