• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
20 Years Imprisonment Of Offender Criminal Guru Gurmeet

بھارتی عدالت نے پیروکار خواتین سے زیادتی کے مجرم مذہبی رہنما کو 20سال قید کی سزا سنادی، گُرمیت رام کو ریاست ہریانا کی روہتک جیل میں لگی عدالت میں سزا سنائی گئی۔

بھارت کی خصوصی عدالت نے خواتین سے زیادتی کے مجرم ڈیرا سچا سودا تنظیم کے سربراہ گرمیت سنگھ کو 20سال قید کی سزا سنا دی، گرمیت کے وکلاء نے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے کے خلاف سرسا میں دو گاڑیاں جلا دی گئیں۔

روہتک جیل میں لگائی گئی خصوصی عدالت میں سماعت کے دوران گرمیت سنگھ جج کے سامنے رو پڑا اور رحم کی درخواست کرتا رہا تاہم عدالت نے گرمیت کو زیادتی کے دو کیسز میں دس دس سال قید اور پندرہ پندرہ لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی۔

 

اس موقع پر ہریانہ اور مشرقی پنجاب میں ہائی الرٹ تھا، شدید کشیدگی والے علاقوں میں بھارتی فوج نے فلیگ مارچ کیا، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم تھا، تعلیمی ادارے بند اور انٹرنیٹ سروسز منگل تک کے لیے معطل کردی گئی تھیں۔

گرمیت سنگھ کو جمعے کو دو خواتین کے ساتھ زیادتی کا مجرم قرار دیا گیا تھا،جس کے بعد بھارتی ریاستوں ہریانہ اور پنجاب میں ہنگامہ آرائی کے دوران 38افراد ہلاک ہوئے جبکہ 9سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ڈیرا سچا سودا نامی گروہ کا گرو گرمیت رام بھارت کے 100بااثر افراد میں شامل ہے،فیصلہ سننے کے بعد گرو گرمیت نے عدالت سے باہر جانے سے انکار کردیا، جس پر اسے گھسیٹ کر عدالت سےلے جایا گیا۔

بابا گرو گرمیت کو قیدی نمبر 1097 الاٹ کردیا گیا ہے۔

سماعت کے موقع پر ملزم کے وکیل نے سزامیں کمی کے لیے گرمیت کی صحت خرابی کی آڑ لیتے ہوئے کہا کہ گرمیت کی صحت خراب ہے اس لیے سزا کم کر دی جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: زیادتی کا جرم ثابت

سزا سنائے جانے کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے،شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا ہے ،ممکنہ ہنگاموں کے پیش ریاست ہریانا اور مشرقی پنجاب میں ہائی الرٹ ہے جبکہ اسکول،کالج،بند اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔

 

گرو گرمیت رام کے سیکڑوں حامی فیصلہ سننے کے لیے روہتک پہنچے تھے۔سماعت کے موقع پر روہتک کی جیل کو سیکورٹی اہلکاروں نے گھیر رکھا تھا جبکہ سماعت کے لیے جج کو بھی انتہائی سیکورٹی میں لایا گیا۔

بھارتی پولیس کے مطابق روہتک میں ہائی الرٹ اور سرسا میں کرفیو نافذ ہے ، لوگوں کے اجتماع پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ روہتک میں فوج کی23 کمپنیوں کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: فیصلے پر بالی ووڈ فنکارخوش

ممکنہ ہنگاموں کے پیش نظر پنجاب اور ہریانہ کے تیرہ اضلاع میں اسکول کالج اور دفاتر آج بند ہیں جبکہ کئی علاقوں میں اب بھی کرفیو اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

دوسری جانب گرو گرمیت کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔اب تک فسادات میں ہلاک افراد کی تعداد 38 ہوگئی، جبکہ ہریانا میں فسادات کے الزام میں 900سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

واضح رہے کہ’’ ڈیرا سچا سودا‘‘ نامی تنظیم کے سربراہ گرو گرمیت کو عدالت نے دو روز پہلے زیادتی کا مجرم قراردیا تھا ، اور آج گرمیت کو سزا سنادی گئی۔

تازہ ترین