• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی قانون کی پاسداری کرتی ہے، مقررین

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) ساتھ ساتھ گروپ نے مانچسٹر کے مقامی ہال میں پاکستان کی70ویں یوم آزادی کی تقریب نہایت شاندار طریقے سے منائی۔ تقریب میں نوجوان بچوں بچیوں نے پاکستانی پرچم کے مناسبت سے لباس زیب تن کر رکھے تھے۔ ان نوجوان بچے بچیوں نے پاکستانی قومی ترانہ، قومی نغمے اور قیام پاکستان، مقاصد پاکستان پر مبنی تقاریر پیش کرکے ہال میں موجود سیکڑوں مرد و خواتین کے جذبہ حب الوطنی اور جوش کو خوب گرمایا، شرکاء نے بچوں کو بار بار کھڑے ہو کر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر داد دی۔ اس موقع پر چیئرمین ساتھ ساتھ گوپ سید اظہر شاہ بخاری نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی برطانیہ میں اپنے وطن کے وقار کو بلند کرنے کے لئے ہر سطح پر کوشاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان امن پسند ملک اور پاکستانی قوم عالمی امن کے لئے ہزاروں قیمتی جانوں کے نذرانے دے کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ستم ظریفی ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی خواتین مردوں کے چہوں کو مسخ کرنے کے لئے تیزاب پھینکنے خواتین کے ساتھ بدسلوکی ان کے دوپٹے کھینچنے کے واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن ہماری کمیونٹی قانون کی پاسداری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیت کو فروغ دینےاور نئی نسل میں جذبہ حب الوطنی کو بیدار کرنے کے لئے ساتھ ساتھ گروپ دیگر کمیونٹی آرگنائزیشنز اور مقامی کونسل سے مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان پالیسی پر پاکستان کے خلاف رویہ کو نامناسب اور حقائق کے برعکس قرار دیا اور کہا کہ امریکی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان نے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں پاکستانی کمیونٹی کے باہمی اتحاد پر زور دیا اور70ویںؒ یوم آزادی پر مبارک باد پیش کی۔ مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر کونسلر نعیم الحسن نے کہا کہ برطانیہ بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ برطانوی قومی دہارے میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے، ہم اپنے اتفاق کے ذریعے سٹی کونسل اور پارلیمنٹ میں مزید نمائندوں کو منتخب کروا سکتے ہیں، اس لئے برطانوی سیاسی پارٹیوں اور مقامی سیاست میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی نئی نسل کو برطانیہ میں باوقار مقام دلانے کی سعی کریں تاکہ ہمارے پاکستان کا نام روشن ہو۔ یورپی ممبر پارلیمنٹ واجد الطاف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے کوششیں کی ہیں تاہم وطن عزیز کے خلاف سازشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں آبائی وطن سے محبت کو اجاگر کرنے کی ساتھ ساتھ کی کوششیں قابل قدر ہیں۔

ساتھ ساتھ گروپ کے جنرل سیکرٹری سید جاوید شاہ نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا کے لئے امن کا گہوارہ ہے، اس ملک کے خلاف بعض قوتیں عالمی سطح پر منفی پروپیگنڈا کرتی ہیں، تاہم ہمارا ملک امن کے لئے کام کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے پاکستان نژاد بچوں میں وطن کی محبت اور جذبے کو سراہا۔ انجمن خدام صوفیا یوکے یورپ کے صدر صاحبزادہ پیر مزمل حسین جماعتی نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ہے۔ ہمارے بچوں کو دو قومی نظریئے سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان قائم رہنے کے لئے بنا ہے۔ ہمیں بطور پاکستانی اندرونی اور بیرونی سازشوں سے نمٹنے کے لئے متحد ہونا چاہئے۔ علامہ شاہجہان مدنی نے کہا پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے اور میزائل ٹیکنالوجی سے لیس ہے ہمارے ملک کے خلاف کوئی میلی آنکھ اٹھا کرنہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہربچہ اپنے وطن کے تحفظ سلامتی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔

گریٹر مانچسٹر پولیس کے چیف انسپکٹر پولیس عمر خان نے کہا کہ پولیس کمیونٹی کے تحفظ کے لئے پوری طرح متحد ہے نسل پرستانہ واقعات کی رپورٹ درج کرانا ضروری ہے، پولیس بھرپور تعاون کرے گی۔ پاکستان قونصلیٹ کی ویلفیئر اتاشی فزا نیازی نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی سچے محب وطن ہیں اور وہ نئی نسل جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرکے قومی فریضہ ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شاندار ترقی کر رہا ہے۔ کونسلر رب نواز نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اپنی فلاح اور سماجی مسائل کے حل کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور اپنی نئی نسل کی بہتر تربیت کرکے انہیں برطانوی معاشرہ میں بلند مقام دلائے۔

کونسلر عابد چوہان نے نئی نسل کو اپنے قومی ورثے سے آگاہ رکھنے پر زور دیا۔ تقریب کے دوران نوجوان سعید علی نے راہِ حق کے شہیدوں کا قومی نغمہ سنا کرشرکا کو گرما دیا، عمائمہ شاہ، ابو بکر، زینب ملک نے قائد اعظم اور قیام پاکستان پر مبنی تقاریر اور نغمے پیش کئے۔ تقریب میں بزنس کمیونٹی رہنمائوں چوہدری مسرت علی، چوہدری اختر ملوانہ، سید زاہد شاہ بخاری، نصر اللہ خان مغل، سید رضوان کاظمی، عبدالباسط اور دیگر بھی شریک تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض رانا عبدالرئوف اور طاہر نوید نے ادا کئے، اس موقع پر کمیونٹی خدمات سرانجام دینے والوں کو ایوارڈ بھی دیئے گئے۔

تازہ ترین